لیہ:کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے شہریوں کے مسائل سنے
لیہ (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع لیہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری ہے، جس کا مقصد عوامی مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی خصوصی ہدایت پر ضلع کی تمام تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ تحصیل چوبارہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔
تحصیل کروڑ کے یونین کونسل شاہ پور میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال ہنجرا نے کھلی کچہری میں شرکت کی اور عوامی شکایات سن کر فوری نوعیت کے متعدد مسائل حل کرائے۔ تحصیل لیہ میں کھلی کچہری منڈی ٹاؤن فسٹ کے یونین کونسل آفس میں منعقد ہوئی، جہاں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے شہریوں کی درخواستیں سنیں اور متعدد شکایات کا موقع پر ازالہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری صرف حقائق پر مبنی مسائل پیش کریں تاکہ ان کا میرٹ پر فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔ ضلعی افسران کی جانب سے کھلی کچہریوں میں موصولہ شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے اور کئی شہریوں کے دیرینہ مسائل فوری طور پر حل کر دیے گئے۔