نوم پنہ: کمبوڈیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں یہ اعزاز دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے امن کے فروغ، تجارتی سہولیات میں رعایت اور برآمدی ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات کا بھی شکریہ ادا کیا، خاص طور پر کمبوڈیا کی ملبوسات اور جوتوں کی صنعت پر عائد ٹیکس کو 49 فیصد سے کم کرکے 19 فیصد کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔
کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان کشیدگی کے دوران 43 افراد ہلاک اور 3 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے تھے۔ صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطہ کیا اور امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو امن سے مشروط کیا۔ اس کے بعد ملائیشیا میں مذاکرات ہوئے جن میں دونوں ممالک نے غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کیا، جبکہ امریکا اور چین کے سفرا بھی مذاکرات میں شریک تھے۔یہ پہلا موقع نہیں جب ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اس سے قبل پاکستان اور اسرائیل نے بھی انہیں اس انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔