لیہ:تقریب میں پولیس افسران، شہداء کے اہل خانہ، انجمن تاجران، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
لیہ (نیوز رپورٹر) ضلعی پولیس اسٹیشن میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پولیس افسران، شہداء کے اہل خانہ، انجمن تاجران، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھر پور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پولیس کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے یادگار شہداء پر گارڈ آف آنر پیش کرنے سے ہوا۔ اس کے بعد شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پھول چڑھائے گئے۔
مقررین نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر عالم ظفری نے کہا کہ "شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم امن کی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ ڈی پی او محمد علی وسیم نے کہا کہ "پولیس فورس ہمیشہ اپنے شہداء کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔” انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ یہ وہ خاندان ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو ملک و قوم کے لئے قربان کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے اہل خانہ کو تحائف پیش کیے گئے اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض لیہ پولیس کے ترجمان انعام الحق نے انجام دیے۔
اس تقریب سے قبل پولیس لائن کی مسجد میں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، تاکہ ان کی روح کو سکون مل سکے اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی جا سکے۔ یہ تقریب پولیس شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ایک اہم موقع تھا۔