لاہور : پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے یوم استحصال کشمیر کی تقریب میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی دعائیں قبول ہونے والی ہیں اور ظلم کا خاتمہ نزدیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور حتیٰ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اب کشمیری مسئلے پر بات کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے، لیکن اقوام متحدہ کی قراردادیں ابھی بھی موجود ہیں جو کشمیریوں کو حق دیتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پوری دنیا کو یہ بات سمجھانی ہوگی کہ کشمیر آخرکار پاکستان بنے گا۔انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور حکومت پنجاب کی جانب سے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری وہ قوم ہے جو کبھی نہیں ڈرتی اور کبھی نہیں جھکتی۔ برہان وانی کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات نے بھارت کی 7 مئی کو پاکستان کے خلاف ناکام جارحیت کی کوشش کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارت کو شکست دی، جس کے باعث بھارت آج سفارتی تنہائی کا شکار ہے۔عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک پارٹی نے دوبارہ فتنے کی کال دی ہے اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی شرپسندی اور سیاسی فساد سے دور رکھیں۔

