لیہ:سابق ایم این اے عبدالمجید نیازی سمیت 31 افراد پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج
لیہ (نیوز رپورٹر) لیہ کے علاقے تاج چوک فتح پور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی پر مبینہ ہنگامہ آرائی، پولیس پر حملے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں سابق رکن قومی اسمبلی عبدالمجید خان نیازی، ان کے بیٹے عبدالرحیم خان نیازی سمیت 31 نامزد اور 150 نامعلوم افراد کے خلاف سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر تھانہ فتح پور میں ایس ایچ او زوہیب حسن کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں اقدامِ قتل، کار سرکار میں مداخلت، پولیس پر حملہ، توڑ پھوڑ، آتشیں اسلحے سے مسلح ہو کر سڑک بند کرنے سمیت متعدد سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے احتجاج کے دوران ٹریفک نظام معطل کر کے پولیس پارٹی پر حملہ کیا اور سب انسپکٹر قمر عباس، کانسٹیبل طیب صدیق اور کانسٹیبل شہزاد کو شدید زخمی کر دیا۔ مظاہرین نے پولیس کی دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مقدمے میں ابرار بھمب، رانا الیاس، عبدالحمید، احسان اللہ، وسیم بلوچ، حمید اللہ، حنان جٹ، ساجد خان، نعمان خان، محمد رفیق، اسلم کمہار، اقسم خان، خالد چنڈی، عمر عرف ادھی، افتخار حبیب، ثناء اللہ، شاہ زیب، رضوان عرف مٹھو، امیر خان، فہیم خان، یوسف خان، طور خان، راشد نیازی، حق نواز نیازی، وارث بھٹی، عیسیٰ خان، ڈاکٹر یوسف، شیر زمان، قمر الزمان سمیت 31 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ پی ٹی آئی مقامی قیادت نے مقدمے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے الزامات کی تردید کی ہے۔
ناصر حیات نیوز رپورٹر 03337012061