لیہ:ڈی سی کمپلیکس میں سب سے بڑا پرچم آویزاں، جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز
لیہ (نیوز رپورٹر) قیامِ پاکستان کی عظیم جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ضلع لیہ میں "حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک” کے عنوان سے تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کی ہدایت پر ڈی سی کمپلیکس میں ضلع کا سب سے بڑا قومی پرچم آویزاں کر دیا گیا، جو عوام کے حب الوطنی کے جذبے کا مظہر ہے۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی نہ صرف ہماری تاریخی شناخت کی علامت ہے بلکہ یہ دن ہمیں اس عہد کی یاد بھی دلاتا ہے جس کے تحت ہم نے ایک آزاد وطن کے لیے قربانیاں دیں۔ آج ہمیں اپنے وطن کی حفاظت، ترقی اور استحکام کے لیے تجدیدِ عہد کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں ضلع بھر میں مختلف تقریبات، چراغاں، قومی پرچموں کی تنصیب اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے عوام میں آزادی کی اہمیت اجاگر کی جارہی ہے۔ اسکولوں، کالجوں، سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات کو سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی جانب سے ملی نغمے، تقاریر اور آزادی واکس کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جشنِ آزادی کی تقریبات 14 اگست تک جاری رہیں گی جن میں مختلف مقابلے، ثقافتی پروگرام اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے متعدد سرگرمیاں شامل کی گئی ہیں۔