لیہ:ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹرطارق گدارہ کی ٹیم کے ہمراہ معائنے
لیہ (نیوز رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے ضلع لیہ میں جعلی، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ جانوروں کے سیمن کی فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران سیمن ڈسٹری بیوٹر محمد ارشد ولد قادر بخش کے خلاف تھانہ کورٹ سلطان میں مقدمہ درج کرا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ کی زیر نگرانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر کاشف محبوب کی قیادت میں ٹیم نے معائنہ کے دوران بغیر کسی قانونی اجازت اور منظوری کے ناقص سیمن فروخت کرنے پر کارروائی کی۔ غیر معیاری سیمن جانوروں کی افزائش نسل کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ مویشی پال کسانوں کا معاشی استحصال بھی کر رہا تھا۔
ڈاکٹر طارق گدارہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے احکامات اور سیکرٹری لائیوسٹاک کی ہدایت پر عطائی عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مویشی پال کسانوں کے معاشی تحفظ، جانوروں کی صحت اور افزائش نسل کے عمل کو معیاری بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک تین ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں جبکہ جعلی اور غیر معیاری سیمن کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
ایسے عناصر کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر غیر قانونی سرگرمیوں سے باز آ جائیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ لائیوسٹاک نے واضح کیا ہے کہ جانوروں کی معیاری افزائش اور کسانوں کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر سطح پر سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔