لیہ:سیڈ ترمیمی ایکٹ کے تحت اب کوئی سیڈ ڈیلر بغیر لائسنس کے تصدیق شدہ بیج فروخت نہیں کر سکتا
لیہ (نیوز رپورٹر) محکمہ زراعت توسیع لیہ اور فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے بیج کے کاروبار کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے سیڈ ڈیلرز کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض الدین نے کہا کہ سیڈ ترمیمی ایکٹ کے تحت اب کوئی بھی سیڈ ڈیلر بغیر لائسنس تصدیق شدہ بیج فروخت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر سیڈ ڈیلرز کو قید اور جرمانے جیسی سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا تاکہ کسانوں کو صرف معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ شیخ عاشق حسین نے اس موقع پر بتایا کہ سیکرٹری زراعت افتخار احمد سہو کی ہدایت پر ملک بھر میں بغیر لائسنس بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف ایک جامع مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری بیج کی فروخت میں ملوث سیڈ کمپنیوں اور ڈیلرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ محمد طلحہ شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیڈ بزنس کرنے والے تمام افراد کو چاہیے کہ وہ صرف رجسٹرڈ اور معیاری کمپنیوں کے ساتھ کام کریں، کیونکہ فصل کی کامیابی میں معیاری بیج کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب محکمہ زراعت توسیع کو بیج سیمپلنگ اور غیر معیاری بیج کے خلاف کارروائی کا اختیار حاصل ہے، جس کے تحت لیہ میں کئی کارروائیاں کی گئیں اور لاکھوں روپے مالیت کا غیر معیاری بیج ضبط کیا گیا۔
ٹریننگ ورکشاپ میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں زرعی ڈیلرز نے شرکت کی۔ شرکاء میں ٹریننگ مکمل کرنے پر سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔