لیہ:پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کاوش کو شہریوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی سرکل چوبارہ اور 15 پولیس کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں دو لاپتہ کمسن بچیاں بحفاظت بازیاب کر لی گئیں۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے مشترکہ تعاون سے کی گئی اس کاوش کو شہریوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔ پروفیسر آصف حسین کی دو کمسن بچیاں، عنایہ (عمر 3 سال) اور نرجس (عمر 2 سال) اچانک گھر سے لاپتہ ہو گئیں۔
واقعہ کی اطلاع 15 ہیلپ لائن پر دی گئی جس پر انچارج 15 انصر ناگرہ نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس کو متحرک کیا۔ اطلاع ملتے ہی سی سی ڈی انسپکٹر نوشیروان گجر سرکل چوبارہ اور ان کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ بچیوں کی تلاش کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ایک مؤثر مہم چلائی گئی۔ پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں بچیوں کو چند گھنٹوں میں تلاش کر لیا اور انہیں بحفاظت ان کے والدین کے سپرد کر دیا۔
انچارج 15 انصر ناگرہ نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا گیا اور بچیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں پر گہری نظر رکھیں اور اپنی ذمے داری کو سنجیدگی سے نبھائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ بچیوں کے والد آصف حسین نے پولیس کی بروقت کارروائی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ڈی چوبارہ اور انچارج 15 کی ٹیم نے نہایت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور فوری مدد فراہم کی، جس پر وہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابل تحسین ہیں۔ بچیوں کی بازیابی پر اہل خانہ کی خوشی دیدنی تھی۔ جذبات سے لبریز والدین نے نم آنکھوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔