اسلام آباد :پاکستان کے عظیم ہیرو اور نشانِ حیدر کے فاتح میجر طفیل محمد شہید کی 67 ویں برسی ملک بھر میں عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر مختلف تقاریب منعقد کی گئیں جن میں شہید کی بے مثال بہادری اور قربانی کو یاد کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر طفیل محمد نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا عظیم نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ایسے بہادر سپاہیوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
(آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، چیف آف نیول اسٹاف، چیف آف دی ایئر اسٹاف سمیت دیگر اعلیٰ عسکری حکام نے میجر طفیل محمد شہید کی مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔عسکری حکام نے بتایا کہ میجر طفیل محمد نے 8 اگست 1958 کو سابق مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف غیر معمولی جرات اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، شدید زخمی ہونے کے باوجود مشن کو مکمل کیا اور اپنی جان قربان کر دی۔ ان کی بہادری اور قربانی پر انہیں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میجر طفیل شہید کی قربانی ایک روشن باب ہے جو آنے والی نسلوں کو جذبہ قربانی اور حب الوطنی کی تعلیم دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہیرو قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔