لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر حیدر علی کو عبوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب معلوم ہوا کہ مانچسٹر پولیس حیدر علی کے خلاف ایک واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق، تحقیقات مکمل ہونے تک حیدر علی کسی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا، جس کے بعد مقامی پولیس نے قانونی عمل کا آغاز کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ حیدر علی کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔ساتھ ہی بورڈ نے کہا ہے کہ مانچسٹر پولیس کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پی سی بی اپنے ضابطہ اخلاق کے مطابق اندرونی کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔ترجمان نے مزید کہا”جب تک تفتیشی عمل مکمل نہیں ہو جاتا، پی سی بی اس معاملے پر کوئی اضافی تبصرہ نہیں کرے گا۔”