لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن 2025-26 کے ابتدائی ٹورنامنٹ "حنیف محمد ٹرافی” کے ڈراز جاری کر دیے ہیں، جس میں ملک بھر سے 12 ریجنل ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں آزاد جموں و کشمیر، فیصل آباد، حیدرآباد، کراچی وائٹس، لاہور بلیوز اور کوئٹہ ریجن شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا، کراچی بلیوز، لاڑکانہ، ملتان اور راولپنڈی کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔ٹورنامنٹ کا آغاز 29 اگست کو ہوگا، جہاں افتتاحی میچ لاہور بلیوز اور فیصل آباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق، حنیف محمد ٹرافی میں مجموعی طور پر 30 چار روزہ نان فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر ٹیم کو اپنے گروپ میں پانچ میچز کھیلنے ہوں گے۔ گروپ اے اور بی کی سرفہرست ٹیمیں، آئندہ قائداعظم ٹرافی (فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ) کے لیے کوالیفائی کریں گی۔یہ ٹورنامنٹ 29 اگست سے 25 ستمبر تک جاری رہے گا اور اس کا مقصد نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانا ہے۔