امریکہ/چین: دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تیار کردہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مختلف ماڈلز کے درمیان ایک منفرد شطرنج مقابلہ منعقد ہوا جس میں عام صارفین کے لیے بنائے گئے اے آئی سسٹمز نے حصہ لیا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق، یہ مقابلہ گوگل کے پلیٹ فارم "کیگل” پر تین دن تک جاری رہا جس میں اینتھروپک، گوگل، اوپن اے آئی، ایکس اے آئی اور چینی کمپنیوں ڈیپ سیک اور مون شاٹ اے آئی کے آٹھ ماڈلز نے حصہ لیا۔فائنل میں اوپن اے آئی کا ماڈل "او 3” نے ایکس اے آئی کے "گروک 4” کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتح قرار پایا اور بغیر شکست کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
تیسری پوزیشن گوگل کے "جیمینائی” ماڈل کو حاصل ہوئی جس نے پلے آف مرحلے میں اوپن اے آئی کے دوسرے ماڈل کو شکست دی۔اگرچہ ان ماڈلز نے شطرنج میں مہارت دکھائی، تاہم وہ کھیل کے پیچیدہ پہلوؤں کو سیکھنے کے عمل میں ہیں۔ سیمی فائنل تک گروک 4 کو فاتح تصور کیا جا رہا تھا، مگر فائنل میں اس کی کارکردگی میں کمی دیکھنے میں آئی اور اس نے بار بار غلطیاں کیں، جس میں اپنی ملکہ کھونا بھی شامل تھا۔
شطرنج کے ماہر ہیکارو ناکامورا نے کہا کہ گروک نے کئی غلطیاں کیں جبکہ اوپن اے آئی نے مضبوط کھیل پیش کیا۔روایتی طور پر شطرنج کمپیوٹر ذہانت کی جانچ کا ذریعہ رہا ہے، لیکن اس مقابلے کا مقصد عام اے آئی ماڈلز کی حکمت عملی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔