بلوچستان میں سیاحت سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے اچھی خبر ہے کہ بلوچستان حکومت نے ضلع جھل مگسی میں قائم موتی گہرام قلعے سمیت 4 قلعوں کی تزئن وآرائش کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی حکومت نے موتی گہرام قلعے کے علاوہ پنجگورکے لائی دم قلعہ، واشک کے حرماگئی قلعہ اور خاران قلعے کی بحالی پر کام شروع کردیا۔موتی گہرام قلعہ بلوچستان کا تاج محل کہلاتا ہے۔
سیکرٹری کلچر اینڈ ٹور ازم سہیل الرحمن بلوچ نے جیو نیوز کوبتایا کہ بلوچستان کے رواں سال کے بجٹ میں صوبے کے چار قلعوں کی بحالی اور تزئن وآرائش کیلئے 35کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں ضلع جھل مگسی میں قائم موتی گہرام قلعے کی تزئین وآرائش کیلئے 10کروڑ، واشک کے حرماگئی قلعہ اور خاران قلعے کی بحالی کیلئے بھی دس دس کروڑ اور پنجگورکے لائی دم قلعہ کیلئے پانچ کروڑروپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے قدیم قلعوں کی بحالی اور تزئین وآرائش سے بلوچستان میں ٹور ازم کو فروغ ملے گا۔