سائنسدانوں نے بچے اور بچیوں میں 8 سال سے 9 سال کی عمر میں بلوغت کی وجہ بننے والے کیمیکل کا سراغ لگا لیا۔
تحقیق کے مطابق سستے پرفیومز ،کاسمیٹکس اور گھریلو مصنوعات میں عام استعمال ہونے والاکیمیکل مسک ایمبریٹ (Musk Ambrette) لڑکیوں میں جلد بلوغت کا سبب بن سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ کیمیکل دماغ کے اس حصے کو متاثر کرتا ہے جو بلوغت کے عمل کو شروع کرتا ہے۔
امریکا کی ایموری یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ بلوغت کے وقت کی کم ہوتی عمریں سماجی و اقتصادی حیثیت سے کم نمایاں گروہوں اور نسلی اقلیتوں میں اور بھی زیادہ واضح ہیں، بلوغت کا آغاز قبل از وقت ہونے سے دور رس نتائج ہوسکتے ہیں۔اس سے قبل کی گئی تحقیقات میں قبل از وقت بلوغت کو چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر، میٹابولک سنڈروم جیسے موٹاپا اور ٹائپ ٹو زیابیطس اور دل کی بیماریوں کےخطرے سے منسلک گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قبل از وقت بلوغت کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں اور کسی ایک چیز کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ماہرین کے مطابق اس کیمیکل کے انسانی صحت پر اثرات کےلیے جامع تحقیق کی ضرورت ہے اور ابھی پابندی کی سفارش کرنا قبل از وقت ہے لیکن والدین اپنے بچوں کی مصنوعات میں اس کی موجودگی کو چیک کریں ۔