اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ غزہ فلسطینیوں کا ہے اور ان ہی کا رہے گا، پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کرتا ہے۔
غزہ پر قبضے کے اسرائیلی اعلان پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیرمعمولی ہنگامی اجلاس ہوا۔اجلاس میں اقوام متحدہ عہدیداروں، برطانوی، فرانسسیسی اور دیگر ممالک نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کو مزید خون ریزی، تباہی اور انسانی المیے کا موجب قرار دیا۔اس کے علاوہ اسرائیل سے فوجی کارروائیاں روک کر غزہ امداد پر سے پابندیاں فوری اور مستقل ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کاغزہ پر قبضے کا منصوبہ اشتعال انگیزی ہے، وزیراعظم نے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کی ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم فوری ختم ہونے چاہئیں، غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔عاصم افتخار کا کہنا تھا غزہ فلسطینیوں کا ہے اور ان ہی کا رہے گا، پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کرتا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس کو غزہ میں امن کی امریکی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا اقدام قرار دیا۔