کیلیفورنیا: یوٹیوب ایک نئی خصوصیت متعارف کروا رہا ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارفین کی عمر کا اندازہ لگائے گی تاکہ ہر صارف کو زیادہ محفوظ اور مناسب تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ یہ اپ ڈیٹ 13 اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگی۔
ابتدائی طور پر اس ٹیکنالوجی کو امریکہ میں محدود صارفین کے ایک چھوٹے گروپ پر آزمایا جائے گا۔ یہ نظام صارف کے اکاؤنٹ کی سرگرمی، دیکھی گئی ویڈیوز کی نوعیت اور سرچ ہسٹری کی بنیاد پر عمر کا تعین کرے گا۔ اگر AI کسی صارف کو کم عمر سمجھتا ہے تو خود بخود اس پر عمر کی حد سے متعلق پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔اگر AI عمر کی صحیح شناخت نہ کر سکے تو صارفین کو اپنی عمر کی تصدیق کے لیے سرکاری شناختی کارڈ یا کریڈٹ کارڈ جمع کروانے کا اختیار دیا جائے گا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس ابتدائی تجربے کے نتائج کی روشنی میں یہ سہولت دیگر ممالک میں بھی آہستہ آہستہ متعارف کروائی جائے گی۔کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ نظام صارفین کو بہتر تحفظ فراہم کرے گا اور ان کا تجربہ زیادہ موزوں بنائے گا، چاہے ان کے اکاؤنٹ میں دی گئی تاریخ پیدائش کچھ بھی ہو۔ تاہم، نوجوان صارفین کو ممکنہ طور پر کچھ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو انہیں پسند نہ آئیں۔