لاہور : پاکستان میں آج 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، جس کے تحت مختلف شہروں میں تقریبات اور پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ دن قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخی خطاب کی یاد دلاتا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کسی شہری کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا اور ہر پاکستانی کو بلا تفریق یکساں حقوق حاصل ہیں۔پاکستان کی اقلیتی برادری نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور ان کی محنت و کاوشیں ملکی ترقی کے سفر میں نمایاں رہی ہیں۔ اقلیتی افراد نہ صرف مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، بلکہ پاکستان کی مسلح افواج میں بھی ان کا حصہ اہم ہے، جہاں وہ ملک کی حفاظت میں اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔
یوم اقلیتوں کے موقع پر، اقلیتی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر مذہب اپنے پیروکاروں کو وطن سے محبت کی تعلیم دیتا ہے اور پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذہب یا عقیدہ کوئی فرق نہیں ڈالتا، بلکہ سب کو ایک ہی وطن کی تعمیر میں شریک ہونے کا حق حاصل ہے۔حکومت پاکستان نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرگرم عمل رہے گی۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کو فروغ دیا جائے گا اور اقلیتوں کا کردار ملکی ترقی میں ہمیشہ اہم رہے گا۔