اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفون پر بات چیت کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے آرمینیا کے ساتھ طویل المدتی تنازعے کے خاتمے کے لیے طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کو سراہا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کی قیادت کی دور اندیشی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پورے خطے میں خوشحالی اور امن کا نیا باب کھولے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی عوام آذربائیجان کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور تعاون کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن عمل میں نمایاں کردار کی بھی تعریف کی، جس کی بدولت یہ تاریخی پیش رفت ممکن ہوئی۔
صدر علیوف نے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور قرہ باغ کے مسئلے پر مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن سے پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوطی حاصل ہوگی۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی ترقی اور باہمی تعاون پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیراعظم نے الہام علیوف کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔وزیراعظم کے دفتر کے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں ایس سی او سمٹ کے موقع پر ان کے دوبارہ ملاقات کا امکان موجود ہے۔