غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، تازہ کارروائی میں مزید 46 فلسطینی شہید ہوگئے۔
طبی ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ پیر کی صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 46 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 6 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔ غزہ کے نواحی علاقے زیتون میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں پورا خاندان شہید ہو گیا، شہید ہونے والوں میں ماں باپ اور ان کے 6 بچے شامل ہیں۔
الاقصیٰ اسپتال نے بتایا کہ وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح کے جنوب اور مشرق میں اسرائیلی افواج نے 4 فلسطینیوں کو شہید کیا۔فلسطینی ریڈ کراس نے کہا کہ غزہ شہر کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی حملے میں مزید 3 شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔اس سے قبل گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی میں صحافیوں کے خیمے پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں الجزیرہ کے 2 صحافی اور 3 کیمرا آپریٹر شہید ہوگئے۔
شہدا میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف، محمد قریقہ، کیمرا آپریٹر محمد ظاہر، محمدنوفل اور مومین علیوا شامل ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل کے جبری قحط کے باعث غذائی قلت سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور غذائی قلت کے باعث 100 بچوں سمیت 217 فلسطینی موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔