اسلام آباد: امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشتگرد قرار دینے کے فیصلے پر وزیر مملکت طلال چوہدری کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ امریکا کی جانب سے دہشتگرد قرار دی گئی فتنہ الہندوستان کی ان تنظیموں کی فنڈنگ مختلف ملکوں سے ہوکر پاکستان پہنچتی ہے، عنقریب ان پراکیسز کے اسپانسرز کو بھی دہشتگرد قرار دیا جائے گا ۔ وزیرمملکت نے امریکی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی مؤقف کی ایک بار پھر تائید ہوگئی، پاکستانی حکام ٹرمپ انتظامیہ کو اپنی بات سمجھانے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دونوں امریکی دوروں کے پھل نظر آرہے ہیں، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی ایک دن میں2، 2 بار بات ہوتی رہی۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ 30 سے 35 بار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بتا چکے کہ بھارت کے جہاز گرے ہیں، ہماری ریاست میں نیا حوصلہ پیدا ہوا ہے، بھارت پہلے جنگ ہارا اور اب ان کا بیانیہ بھی ہار گیا ہے۔