اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف محض ایک چھوٹی سی غلطی پر معافی مانگ رہی ہے، حالانکہ اس کی غلطیاں کہیں زیادہ ہیں۔ نیونیوز کے پروگرام "نیوز ٹاک یشفین جمال کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاست کو آلودہ کیا اور عدم اعتماد سے بچنے کے لیے قومی اسمبلی کو غیر آئینی طور پر توڑا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کو ایک نہیں بلکہ اپنی تمام غلطیوں پر معافی مانگنی چاہیے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ امریکہ کو انہوں نے پاکستان کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک جیتی ہوئی قوم کے فیلڈ مارشل کا دورہ ہے۔پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ 14 اگست کو رنگ میں بھنگ ڈالنا چاہتے ہیں تو ضرور ڈالیں، مگر عوام ان کی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں۔