پہلا شناختی کارڈ ذمہ دار شہری بننے کی پہلی سیڑھی ہوتا ہے، 18 سال عمر ہونے پر اپنا 14 ہندسوں والا شناختی کارڈ بنوائیں اور اپنی شناخت منوائیں۔
مطلوبہ دستاویزات
والدین یا بہن بھائیوں کے شناختی کارڈ ہونا چاہیے، لے پالک یا لاوارث ہونے کی صورت میں قانونی سرپرست اور سرپرستی کا قانونی ثبوت ہو۔
ب فارم یا یونین کونسل، کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری شدہ بچے کا کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ یا نیچرلائزیشن، سٹیزن شپ سرٹیفکیٹ اپنے ساتھ لائیں۔پہلا مرحلہ ٹوکن حاصل کریں اور اپنی باری کا انتظار کریں، دوسرا مرحلہ باری آنے پر بائیو میٹرک تصدیق کے لیے کاؤنٹر پر تشریف لے جائیں، اس کے بعد والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق کروائیں۔تیسرا مرحلہ ڈیٹا انٹری کا ہوتا ہے، اس دوران اپنے کوائف درج کروائیں، انگلیوں کے نشانات اور تصویر بنوائیں، فارم کا پرنٹ لے کر اپنے کوائف چیک کریں اور اگر کوئی غلطی ہو تو درست کروالیں۔
چوتھا مرحلہ فارم کی تصدیق ہے، والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق کروائیں، بصورت دیگر نادرا درخواست فارم گزیٹیڈ افسر یا عوامی نمائندے سے تصدیق کروائیں۔قانونی سرپرست والے کیس میں نادرا درخواست فارم گزیٹیڈ افسر یا عوامی نمائندے سے تصدیق کروانا لازم ہے اور ساتھ قومی شناختی کارڈ کا حامل ایک گواہ بمعہ نادرا وضع کردہ حلف نامہ ’بی‘ بھی پیش کرنا ضروری ہے۔پانچواں مرحلہ فائنل انٹرویو ہوتا ہے جس میں نادرا درخواست ملنے کے بعد آفس انچارج الفا، بیٹا اور گاما فیملی ممبران کے بارے کچھ سوالات کرے گا جس کا جواب دینا لازمی ہے۔
NADRA- CNIC, NICOP, FRC Information Portal
فیس کی ادائیگی
درخواست منظور ہونے کے بعد آپ کے دیے ہوئے موبائل فون نمبر پر منظوری کا پیغام آئے گا، مطلوبہ کیٹیگری کے مطابق نادرا دفتر یا پھر آن لائن فیس جمع کروائیں، ایگزیکٹو کیٹگری میں 7 دن کے اندر شناختی کارڈ بنوانے کی فیس 2500 روپے ہے، ارجنٹ کیٹیگری میں 15 دن کے اندر ملنے والے شناختی کارڈ کی فیس 1500 روپے جبکہ نارمل کیٹیگری 30 دن کے اندر شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے 750 روپے جمع کروانے ہوں گے۔
کیٹیگری کے مطابق مدت پوری ہونے پر نادرا دفتر سے رسید دکھا کر شناختی کارڈ وصول کریں۔