حامد میر نے ٹھوس دستاویزی شواہد کے ساتھ وجوہات بتا دیں۔
حامد میر کے مطابق انڈین انڈیپینڈنس ایکٹ 1947 کے تحت یہ ایک حقیقت ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں 15 اگست کو قائم ہوئے، کیونکہ اس ایکٹ میں لکھا ہوا تھا کہ دونوں ممالک ایک ہی دن آزاد ہوں گے اور پھر 15 اگست کو دونوں ممالک وجود میں آ گئے۔
پاکستان کا جو پہلا ڈاک ٹکٹ ہے اس پر بھی پاکستان کا یوم آزادی 15 اگست تحریر ہے لیکن پھر یہ 15 اگست سے 14 اگست کیسے بنا؟
جون 1948 میں جو پاکستان کی وفاقی کابینہ تھی، جس کے سربراہ وزیرِاعظم لیاقت علی خان تھے، نے سب سے پہلے یہ فیصلہ کیا کہ 15 اگست کی بجائے پاکستان کا یومِ آزادی 14 اگست کو منایا جائے۔ اس کی کئی وجوہات تھیں، جن میں سے ایک یہ تھی کہ 1947 میں پاکستان میں "ٹرانسفر آف پاور” کراچی میں 14 اگست کو ہوا تھا۔
اسی دن لارڈ ماؤنٹ بیٹن شام کو دلی پہنچے اور وہاں 15 اگست کو بھارت میں ٹرانسفر آف پاور کی تقریب ہوئی۔ اس حساب سے پاکستان میں اقتدار کی منتقلی 14 اگست کو ہوئی تھی اور جب 15 اگست کی رات 12 بجے آزادی کا اعلان ہو رہا تھا، اس وقت پاکستان میں گھڑی کے مطابق ساڑھے 11 بجے تھے، کیونکہ پاکستان کا وقت بھارت سے 30 منٹ پیچھے ہے۔ اس لیے اس وقت پاکستان میں 14 اگست تھی۔ یوں پاکستان دراصل 14 اگست کو ہی قائم ہوا۔
واضح رہے کہ بھارت میں جشن آزادی 15 اگست کو منایا جاتا ہے۔