بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔
منگل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے جولائی کے پلیئرآف دی منتھ کا اعلان کیا جس میں بھارت کے شبمن گل کامیاب قرار پائے۔جولائی میں انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں شاندار بیٹنگ کے باعث شبمن گل کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
25 سالہ شبمن گل نے جولائی میں انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں میں 94.50 کی شاندار اوسط کے ساتھ 567 رنز بنائے جس میں ایک ڈبل سنچری اور 2 سنچریاں شامل تھیں۔پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتنے کے بعد گل نے منفرد اعزاز بھی حاصل کیا۔آئی سی سی کے مطابق شبمن گل مینز کرکٹ ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 4 مرتبہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتا۔
اس سے قبل گل نے فروری 2025، جنوری 2023 اور ستمبر 2023 میں یہ ایوارڈ جیتا تھا۔