کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان اور پاکستانیوں پر میلی نگاہ ڈالی، تو پاکستان کے پاس ایسی طاقت ہے کہ "آتش بازی ہی کافی ہو گی۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کے 6 طیارے گرائے ہیں اور انہیں دنیا بھر میں رسوا بھی کیا ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے نریندر مودی کو یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی طاقت سے کھیلنا مہنگا پڑے گا، ہم اتنا بارود رکھ کر بیٹھے ہیں کہ کسی بھی جارحیت کا جواب فوری اور مؤثر طریقے سے دیں گے۔
ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے بھی اپنے خطاب میں بھارت کو خبردار کیا کہ پاکستان کی طاقت اور عزم اب کسی سے چھپے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "آج پاکستان کی آتش بازی نے بھارت کو یہ بتا دیا کہ یہ آتش بازی جلد ہی آتش فشانی میں تبدیل ہو سکتی ہے، اور کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ بھرپور طاقت سے کیا جائے گا۔”پاکستان کی طرف سے یہ پیغامات بھارتی جارحیت کے حوالے سے ایک مضبوط اور واضح موقف کا اظہار ہیں، جس سے عالمی سطح پر بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید کشیدگی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔