کراچی: جشن آزادی کے موقع پر صوبہ سندھ کی حکومت نے خصوصی آزادی ٹرین کا آغاز کیا، جس کا افتتاح سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کینٹ اسٹیشن پر فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر شرجیل میمن نے جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا اور عوام کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔
شرجیل میمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "کلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پہلے سے چل رہی ڈیزرٹ ٹرین کے علاوہ، یہ خصوصی آزادی ٹرین عوام کو مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہم جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کو جوش و خروش سے منانے کا عزم رکھتے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ "ہماری فورسز نے معرکہ حق میں بھارت کو دھول چٹائی تھی اور بھارت کو اپنی ٹیکنالوجی پر بہت غرور تھا، مگر ہماری افواج نے اپنی عظمت ثابت کی۔”
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ "ہمیں اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر، ایک ساتھ مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔ سندھ حکومت نے ہمیشہ عوام کے مسائل اور ان کی فلاح کے لیے کام کیا ہے، اور ہر شعبے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ عوام کو صرف سیاسی نعرے نہیں چاہیے بلکہ عملی کام اور بہتری چاہیے۔”یہ خصوصی آزادی ٹرین شہریوں کے لئے ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے، جس میں وہ جشن آزادی کی خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ، پاکستان کی تاریخی کامیابیوں پر بھی فخر کر سکتے ہیں۔