پرچم کشائی، کیک کاٹا گیا اور مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی
ملک بھر کی طرح چوبارہ میں بھی یومِ آزادی پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر تحصیل ہسپتال اور میونسپل کمیٹی میں ایک شایانِ شان تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ نعمان محمود رانا تھے، جبکہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی لالا طاہر رندھاوا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد ظفر عباس، اور ریسکیو آفیسر محمد اکرم اویسی بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے قومی پرچم لہرایا۔ سیکیورٹی سٹاف کی جانب سے ایک منظم اور خوبصورت پریڈ پیش کی گئی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ اس کے علاوہ، آزادی کے جشن کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی کیک کاٹا گیا اور ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی تاکہ وہ بھی اس خوشی میں شامل ہو سکیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نعمان محمود رانا نے کہا، "یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم ملک کی ترقی اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔”
سابق ایم پی اے لالا طاہر رندھاوا نے یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر محمد ظفر عباس نے مادرِ وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اور اس موقع پر ایم ایس ٹی ایچ کیو چوبارہ ڈاکٹر ظفر عباس نے مریضون میں مٹھائی تقسیم کی
تقریب کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کے ساتھ ہوا۔