لاہور: پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے ساتھ پوٹھوہار ریجن میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق آج سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون کے ساتویں اسپیل کے تحت شدید بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں جبکہ لاہور، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، گوجرانولہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، بہاولپور، میانوالی، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے پوٹھوہار ریجن میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، اور حکام نے راولپنڈی کے نالہ لئی میں نہانے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایات کی ہے۔ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز بارش کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ریسکیو حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، ریسکیو ورکرز کو نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ والدین بچوں کو نالہ لئی اور بجلی کے کھمبوں کے پاس ہرگز جانے نہ دیں، اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، بارش کے دوران کمزور اور خستہ حال چھتوں کے نیچے نہ جائیں اور بارش کے دوران ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافےکا خدشہ ہے، بارشوں کی وجہ سے دریائے سندھ، راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ کالا باغ ، چشمہ، تونسہ کے مقام پر درمیانے جبکہ تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجےکا سیلاب ہے۔