اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزرا سیلاب متاثرہ اضلاع میں ریلیف آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر امیر مقام ضلع شانگلہ اور بونیر میں امدادی سامان کی تقسیم کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ وفاقی وزیر سردار یوسف ضلع مانسہرہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب ضلع باجوڑ میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سیلاب متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ، پاک فوج، دیگر خدماتی ادارے اور این جی اوز بھی ریلیف کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
پی ایم ریلیف پیکج کے تحت مزید امدادی سامان سے بھرے ٹرک متاثرہ اضلاع میں روانہ کیے جا رہے ہیں۔ امدادی سامان میں راشن، خیمے اور ادویات شامل ہیں، جو ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو امدادی سرگرمیوں کو مزید مربوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا، "مشکل کی اس گھڑی میں ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔”