کیلیفورنیا: دنیا کی سب سے زیادہ مقبول اور دیکھی جانے والی تصویر مائیکروسافٹ کے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ایکس پی کے ڈیفالٹ وال پیپر "Bliss” کو قرار دیا گیا ہے۔ اندازوں کے مطابق اربوں افراد نے اس تصویر کو اپنی نظر سے دیکھا ہے، جو 1996 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے Sonoma علاقے میں فوٹوگرافر چارلس او رئیر نے کی تھی۔
چارلس او رئیر، جو اس وقت 83 سال کے ہیں، نے اس خوبصورت منظر کو Mamiya RZ67 کیمرے اور کلر فیوجی فلم کی مدد سے قید کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت کیمرہ ہمیشہ ساتھ رکھنا ان کی عادت تھی کیونکہ کوئی بھی لمحہ یادگار بن سکتا تھا 1998 میں انہوں نے اس تصویر کو اسٹاک فوٹو کے طور پر پیش کیا، جسے بل گیٹس کی کمپنی Corbis نے خرید لیا۔ پھر سال 2000 میں مائیکروسافٹ نے تمام حقوق حاصل کر کے اسے اپنے ونڈوز ایکس پی کے ڈیفالٹ وال پیپر کے طور پر منتخب کیا۔
فوٹوگرافر کو اس تصویر کے بدلے لاکھوں روپے کا معاوضہ دیا گیا، جس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ فلم کی ترسیل کے لیے کوئی بھی کورئیر کمپنی تیار نہیں ہوئی، اور آخرکار کمپنی نے چارلس او رئیر کو ذاتی طور پر طیارے کے ذریعے فلم پہنچانے کا انتظام کیا۔یہ تصویر اتنی دلکش اور حقیقت کے قریب ہے کہ اکثر لوگ اسے کمپیوٹر گرافکس یا فوٹو شاپ کا نتیجہ سمجھتے ہیں، لیکن یہ قدرتی حسن کی ایک اصلی عکس بندی ہے جو ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئی۔