ٹوکیو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے سرکاری غیر ملکی دورے کے سلسلے میں تھائی لینڈ سے جاپان پہنچ گئیں۔ وہ آج ٹوکیو کے ہونڈا ایئرپورٹ پر اتریں جہاں ان کا شاندار اور پرجوش خیرمقدم کیا گیا۔
جاپان کی حکومت کے اعلیٰ حکام اور سفارتی نمائندے وزیراعلیٰ کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔ جاپان میں تعینات پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا باضابطہ استقبال کیا۔اس موقع پر جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی ایک بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ پر موجود تھی جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو محبت اور خلوص سے خوش آمدید کہا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے اس موقع کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم قدم قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ دورہ جاپان کے ساتھ اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وہ جاپانی حکام اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گی اور جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی رابطہ کریں گی۔