غزہ/قاہرہ: حماس نے مصر اور قطر کی ثالثی میں پیش کردہ جنگ بندی کے منصوبے کو قبول کر لیا ہے اور اسرائیل کے ساتھ مذاکرات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم نے نئی تجویز کو بغیر کسی ترمیم کے قبول کر لیا ہے اور امن کے قیام کے لیے دعاگو ہے۔مصر نے بھی اعلان کیا ہے کہ انہوں نے قطر کے تعاون سے یہ منصوبہ اسرائیل کو بھجوا دیا ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ مذاکرات سے واقف ذرائع کے مطابق، توقع ہے کہ ثالث فریق جلد معاہدے کا اعلان کریں گے اور مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے غزہ میں شدید جنگ جاری ہے جس میں ہزاروں جانوں کا نقصان ہو چکا ہے۔ اس طویل تنازعہ کے خاتمے کے لیے یہ پیش رفت امن کی طرف ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔