حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش، بجلی کی بندش سے نکاسی آب کا نظام متاثر
بدھ کو حیدرآباد شہر میں بارش کی وجہ سے لطیف آباد، قاسم آباد سمیت ،نشیبی علاقوں میں پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا ، بجلی کی بندش سےنکاسی آب کا نظام متاثر ہے۔حیسکو ریجن کے 300 سےزائد فیڈرز بند ہونے سے نکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشنوں کو بھی بجلی منقطع ہے۔
میئر حیدرآباد کاشف شورو کے مطابق واٹرکارپوریشن کے 129 پمپنگ اسٹیشنز میں سے کسی پر بھی بجلی دستیاب نہیں، بجلی نہ ہونے کے سبب نکاسی آب کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ترجمان حیسکو کا کہنا ہے کہ ٹنڈو محمد خان سے بلڑی شاہ کریم ٹرانسمیشن لائن کے درمیان 2 ٹاور گرے، ٹاورز کی تنصیب کے بعد گرڈ اسٹیشن میں بجلی فراہم کی جائےگی۔
دوسری جانب دادو اور سیہون کے پہاڑی علاقوں میں طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔تھرپارکر کے تحصیل اسپتال ڈیپلو کے تمام وارڈز کی چھتیں بارش کی وجہ سے ٹپکنے لگیں ، طبی آلات اور پنکھےخراب ہو گئے۔اس کے علاوہ جامشورو،کوٹری ، پڈعیدن، میرپورخاص، ٹھٹہ اور جھمپیر میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔