لاڑکانہ: لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کی سہولت اور مشکلات کو کم کرنے کے لیے متعدد نئے منصوبے متعارف کرانے کا عندیہ دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری یونین کونسل وارث ڈینو پہنچے جہاں انہوں نے گاؤں خیر محمد بروہی کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کے لیے زیر تعمیر گھروں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مقامی باشندوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل سنے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھا رہی ہے اور لوگوں کو گھروں کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کئی خاندانوں کو نئے گھر دیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر مکانات کی تعمیر بھی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ مکانات کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ان میں سولر سسٹمز نصب کیے جائیں گے تاکہ متاثرین کو بجلی کی سہولت میسر ہو۔ مزید برآں، سندھ حکومت عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے نئے ترقیاتی پروگرامز بھی شروع کرنے جا رہی ہے۔