استنبول: ترک خاتون اول ایمن اردوغان نے امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے بھی ویسے ہی جذبات کا اظہار کریں جیسے انہوں نے یوکرین میں مارے گئے بچوں کے لیے کیا تھا۔
ایمن اردوغان نے ایک خط میں کہا کہ غزہ بچوں کا قبرستان بن چکا ہے اور وہاں لاکھوں افراد قحط اور غذائی قلت کا شکار ہیں، جن میں خاص طور پر 132,000 بچے شدید خطرے میں ہیں۔ انہوں نے میلانیا ٹرمپ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو سے انسانی بحران کے خاتمے کے لیے براہ راست بات کریں۔
ترک خاتون اول نے اس سے قبل بھی شام کی خانہ جنگی اور حالیہ غزہ کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں کو خطوط لکھ کر توجہ دلائی ہے۔ عام طور پر ماحولیاتی مسائل تک محدود رہنے والی ایمن اردوغان نے انسانی حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ “غزہ کے ہزاروں بچوں کے کفنوں پر ‘نامعلوم بچہ’ کا لکھا ہونا ہمارے ضمیروں پر ناقابلِ مداوا زخم ہے۔”