غزہ پر فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے زمینی کارروائی کی تیاری تیز کرتے ہوئے سرحدوں پر تازہ کمک پہنچا دی۔
رپورٹ کے مطابق سرحدوں کے قریب اسرائیلی فوجیوں اور ٹینکوں کو گشت کرتے دیکھا گیا۔غزہ میں نئے فوجی آپریشن کے لیے اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں غزہ میں نئے فوجی آپریشن کاگرین سگنل دیا جائےگا۔ادھر اسرائیلی فوج کے غزہ پر وحشیانہ حملوں کاسلسلہ جاری ہے، صہیونی فوج نے تازہ کارروائیوں میں مزید 64 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
عرب میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں امداد کے منتظر 13 افراد بھی شامل تھے۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہداکی مجموعی تعداد 62 ہزار 819 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ58 ہزار 629 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔غزہ میں قحط کی صورت حال برقرار ہے، بھوک کی شدت سے مزید 3 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد خوراک نہ ملنے سے شہید ہونے والوں کی تعداد 303 ہوگئی۔