این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں دریائے راوی کا پانی کم بہنے لگا ہے لیکن پانی کی سطح اب بھی بہت زیادہ ہے اور خطرہ برقرار ہے۔
دریائے چناب کے علاقے مرالہ میں پانی کی رفتار تیز ہے جبکہ دریائے ستلج کے کنارے واقع گنڈا سنگھ والا میں انتہائی شدید سیلاب کی صورت حال ہے۔پنجاب کے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح بہت زیادہ اور خطرناک ہے، بلوکی ہیڈورکس کے مقام پر بھی سیلابی صورتحال شدید ہے، جبکہ سدھنائی ہیڈورکس پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، خانکی میں درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے، اور قادرآباد کے مقام پر پانی کی سطح انتہائی زیادہ اور خطرناک ہے۔ ہیڈ تریموں پر پانی کی سطح فی الحال نارمل ہے مگر اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی سیلاب کی صورت حال انتہائی خطرناک ہے، سلیمانکی میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ اسلام ہیڈورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے دریائے چناب کے سیلابی صورتحال پر فوری خبردار کیا ہے اور دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس سے آگے بڑھ کر محفوظ اقدامات کی ضرورت ہے۔

