اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
پشاور اور مردان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے آئے اس کے علاوہ مری میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کی گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 12 بج کر 38 منٹ پر ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے باعث فی الحال کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔