پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اب تک 8 ارب روپے جاری کر دیئے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے ایک اہم بیان میں بتایا کہ صوبائی حکومت سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز جاری کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 8 ارب روپے متاثرین کی امداد کیلئے دیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہی 1.5 ارب روپے مزید سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے جاری کئے گئے ہیں، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ایک ارب روپے فوڈ اسٹامپ پروگرام کی مد میں مختص کئے گئے ہیں، جس کے تحت مستحق خاندانوں کو بنیادی غذائی اجناس فراہم کی جائیں گی۔
مزمل اسلم نے مزید بتایا کہ سیلاب کے تمام متاثرین کو خشک راشن کی مد میں فی خاندان 15 ہزار روپے فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کیلئے بھی خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں اور 50 کروڑ روپے فلڈ ریلیف کی مد میں مختص کر دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح، سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ) کو 1.56 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کو کلیئر کیا جا سکے اور مرمت کا کام جلد مکمل ہو سکے۔
مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ صوبے کے مختلف ٹی ایم ایز کو بھی فوری بحالی کے اقدامات کے لیے 61 ملین روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کو ریلیف دینا اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی ہے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت اس نازک صورتحال میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔