اسلام آباد پولیس نے ٹک ٹاک سٹار سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے، اغوا اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں حسن زاہد نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائی سامعہ حجاب کی شکایت اور ان کے ویڈیو بیان موصول ہونے کے بعد کی گئی۔
اس سلسلے میں تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں خواتین کی عزت مجروح کرنے کی نیت سے حملہ، زبردستی، اغوا اور خواتین کو ہراساں کرنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
سامعہ حجاب نے بتایا کہ ملزم کئی روز سے ان کا پیچھا کر رہا تھا اور بار بار تحائف دے کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا رہا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ ملزم نے انہیں شادی کی پیشکش کی تھی، جسے انہوں نے انکار کیا۔ انکار کے بعد ملزم نے انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا اور یہاں تک کہ ان کے گھر تک پہنچ گیا۔ سامعہ نے دعویٰ کیا کہ حسن زاہد نے واضح دھمکی دی تھی کہ اگر وہ شادی سے انکار کریں تو انہیں قتل کر دے گا۔ گرفتاری سے قبل بھی ملزم نے سامعہ سے کہا تھا کہ وہ اپنی ایف آئی آر واپس لے لیں۔
سامعہ نے اپنی ویڈیو میں مزید بتایا کہ ملزم نے ان کے گھر کی گھنٹی بجائی اور دروازہ کھلنے پر انہیں زبردستی ساتھ چلنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران ملزم نے سامعہ کا فون چھین کر گاڑی میں بیٹھ لیا۔ سامعہ نے فون واپس لینے کے لیے بھاگنے کی کوشش کی تو ملزم نے انہیں ہراساں کیا اور اغوا کی کوشش بھی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ اس واقعے نے نہ صرف سوشل میڈیا پر بلکہ عوامی سطح پر بھی خواتین کی حفاظت اور آن لائن ہراسانی کے خلاف بڑھتی ہوئی تشویش کو اجاگر کیا ہے۔