نئی دہلی : بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف اداکار آشیش کپور کو خاتون سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے بدھ کو اداکار کو حراست میں لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق آشیش کپور کی متاثرہ خاتون سے انسٹاگرام پر جان پہچان ہوئی تھی۔ بعد ازاں اداکار نے اسے اپنے ایک دوست کے گھر پر ہونے والی پارٹی میں مدعو کیا۔ خاتون کا الزام ہے کہ پارٹی کے دوران آشیش کپور نے واش روم کے اندر اسے جنسی طور پر ہراساں اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ابتدائی طور پر درج مقدمے میں متاثرہ خاتون نے آشیش کپور کے ساتھ ان کے دوست، دوست کی بیوی اور دو نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا تھا، تاہم بعد میں اپنے بیان میں تبدیلی کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی صرف آشیش کپور نے کی۔خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی تھی، مگر پولیس کو اس حوالے سے کوئی شواہد یا فوٹیج دستیاب نہیں ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ آشیش کپور بھارتی ٹیلی ویژن کے مشہور اداکار ہیں۔ انہوں نے کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں لوو میرج یا ارینج میرج، دیکھا ایک خواب اور چاند چھپا بادل میں شامل ہیں۔