کراچی: پاکستان بھر میں آج یومِ بحریہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ہر سال 8 ستمبر کو پاک بحریہ کی جرات مندانہ کارکردگی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
یومِ بحریہ 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران ہونے والے "آپریشن دوارکا” کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب پاک بحریہ کے جنگی بیڑے نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کر کے دشمن کے ریڈار اسٹیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔ یہ ریڈار بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کر رہا تھا۔
پاک بحریہ کے سات جنگی جہاز ریڈیو خاموشی کے ساتھ دشمن کی حدود میں داخل ہوئے اور صرف چند منٹ میں ہدف پر 50، 50 راؤنڈز فائر کر کے اسے نیست و نابود کر دیا۔ ماہرین کے مطابق یہ آپریشن نہ صرف پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھا بلکہ دشمن کے لیے ایک واضح پیغام بھی کہ پاکستان کی سمندری حدود ہر حال میں محفوظ ہیں۔
یومِ بحریہ کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور تقاریر کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔
یہ دن پاکستانی قوم کے عزم، حوصلے اور دفاع وطن کے جذبے کی علامت ہے، جو اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کی بحری سرحدیں بھی اتنی ہی مضبوط ہیں جتنی اس کی زمینی اور فضائی حدود۔