واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ کے مسئلے کے حل کے لیے کام جاری ہے اور بہت جلد ایک ڈیل کی جائے گی۔
نیویارک سٹی سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ حماس کے قبضے میں اس وقت 20 زندہ افراد اور تقریباً 38 لاشیں موجود ہیں، جنہیں جلد واپس لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دنیا میں سات ایسی جنگیں رکوائیں جو ناممکن سمجھی جا رہی تھیں۔
صدر ٹرمپ نے حماس کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ "میری شرائط قبول کریں، دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔” دوسری جانب حماس نے امریکی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے غزہ میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی صدر نے روس یوکرین جنگ پر بھی اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ اس تنازعے میں ہر ہفتے 7 ہزار افراد مارے جا رہے ہیں، جو تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد روسی صدر سے بات کریں گے کیونکہ وہ موجودہ صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔
صدر ٹرمپ نے امریکی شہر شکاگو کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ وہاں کا گورنر عوام کی حفاظت نہیں کر رہا۔ "ہم بہت جلد شکاگو کی حفاظت کریں گے۔