اسلام آباد: چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان بحریہ اپنی بحری سرحدوں کے مؤثر دفاع کے ساتھ ساتھ ملک کے بحری شعبے کی ترقی کے لیے بھی پُرعزم ہے۔
یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی بطور اہم اسٹیک ہولڈر "بلو اکانومی” کی وسیع تر صلاحیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی اور ملک کے لیے بھاری معاشی فوائد یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق اس مقصد کے تحت دوسری پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس رواں سال 3 سے 6 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی، جس میں عالمی اسٹیک ہولڈرز کو پاکستان کی بحری معیشت میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ "معرکہ حق” میں پاک بحریہ نے قربانیوں اور آپریشنل تیاریوں کے ذریعے دشمن کے عزائم ناکام بنائے اور بحری مفادات کے ساتھ ساتھ سمندری تجارت کے بہاؤ کو بھی محفوظ بنایا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے زور دیا کہ قومیں جب اپنے تاریخی سنگ میل یاد رکھتی ہیں تو وہ اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہیں۔ 8 ستمبر اسی جذبے کی یادگار ہے جو ہمارے بحری ہیروز کی بہادری اور قربانیوں کی علامت ہے۔ انہوں نے آپریشن "سومنات” کو بھی پاک بحریہ کی جرات مندی کی شاندار مثال قرار دیا۔