اسلام آباد: یومِ بحریہ کے موقع پر وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نیوی ہمیشہ ملکی دفاع میں پیش پیش رہی ہے اور اس کے جوانوں نے وطنِ عزیز کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ساری قوم اپنے نڈر فوجیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ بحریہ ان عظیم شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اس دھرتی کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی کے جوان اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ملک کا دفاع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ مزید مضبوط اور مستحکم ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ 1965 کی جنگ میں رقم کی گئی پاک بحریہ کی لازوال تاریخ آج بھی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔