اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطین کے مغربی کنارے میں متنازع آبادکاری کے توسیعی منصوبے پر دستخط کردیے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے گزشتہ روز فلسطینی مغربی کنارے میں نئی متنازع آباد کاری کے توسیعی منصوبے پر دستخط کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی طرف جانے اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا انکار کردیا۔رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے اس موقع پر کہا کہ ‘یہ زمین ہماری ہے اور ہم اپنا وعدہ پورا کرنے جارہے ہیں کہ یہاں کوئی فلسطینی ریاست نہیں بنے گی’۔
اسرائیلی حکومت کے متنازع توسیعی منصوبے کے تحت اسرائیلی آباد کاروں کے لیے 3400 نئے گھر بنائے جائیں گے، مقبوضہ بیت المقدس سے مغربی کنارے کا بیشتر حصہ منقطع کردیا جائے گا اور اس علاقے میں دیگر اسرائیلی آباد کاروں کی بستیوں کو ساتھ ملایا جائے گا۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم جاری ہیں جہاں ر شدید بم باری سے مزید 72 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ بھوک کی شدت سے مزید 5 فلسطینی انتقال کرگئے۔