ابو ظہبی: ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ ابتدائی بلے باز صائم ایوب کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حارث صرف 3 رنز بنا سکے۔ کپتان سلمان آغا بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور محض 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان نے 17 رنز اسکور کیے جبکہ محمد نواز کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
قومی ٹیم کے لیے سب سے بڑی اننگز صاحبزادہ فرحان نے کھیلی جنہوں نے 40 رنز بنائے۔ ان کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے 33 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز تک پہنچایا۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپریت بمراہ اور اکسر پٹیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے بازوں نے پر اعتماد انداز اپنایا اور صرف 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔ سوریا کمار یادیو 47 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ابھیشک شرما اور تلک ورما نے بالترتیب 31، 31 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں صرف صائم ایوب نے حاصل کیں۔

