لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت صرف حکومت بنانے کا ذریعہ نہیں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کا ایک مضبوط اور پائیدار رشتہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آئین کی حفاظت کو جہاد سمجھنے والوں کو وہ سلام پیش کرتی ہیں کیونکہ اصل طاقت عوام میں ہے، اور عوام کی رائے ہی ترقی کا پہلا قدم ہے۔ ان کے مطابق فتنہ، فساد اور تشدد کے ذریعے رائے قائم کرنا جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت وہ عہد ہے جہاں اقتدار عوام کے دروازے پر آتا ہے۔ بغیر جمہوریت کے معیشت میں پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ جب جمہوریت مضبوط ہوگی تو تعلیم کے دروازے کھلیں گے، سہولیات میسر آئیں گی اور نوجوانوں کے خواب حقیقت کا روپ دھاریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت اختلاف رائے کو قبول کرنے کا نام ہے، دشمنی کا نہیں، اور یہی سبق آنے والی نسلوں کو دینا ہے۔اپنے پیغام کے آخر میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو صرف محفوظ رکھنے کی نہیں بلکہ اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ دنیا کے لیے ایک مثال بن سکے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جمہوریت کو ایسی میراث بنایا جائے گا جو وقت کی ہر آندھی میں قائم رہے۔

