لاہور: دنیا بھر میں ہر سال 15 ستمبر کو جمہوریت کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد جمہوری نظام کو فروغ دینا، عوام میں جمہوری اداروں کی اہمیت اجاگر کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ جمہوریت ہی معاشرتی ترقی اور عوامی خوشحالی کی ضامن ہے۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد یہ بھی ہے کہ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں جمہوریت کے کردار کو اجاگر کیا جائے۔
اقوام متحدہ اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری ادارے ہر سال اس دن کی مناسبت سے سیمینارز، مباحثے، کانفرنسز اور آگاہی مہمات کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ جمہوری اقدار کو بڑھاوا دیا جا سکے۔ جمہوریت کا عالمی دن پہلی بار 2008 میں منایا گیا اور تب سے یہ روایت ہر سال برقرار ہے۔
جمہوریت کا بنیادی تصور یہ ہے کہ عوام اپنے نمائندے خود منتخب کرتے ہیں، جبکہ انتخابات آزاد، منصفانہ اور شفاف ہونے چاہئیں تاکہ ہر شہری کی رائے کو برابر اہمیت مل سکے۔ ماہرین کے مطابق یہ نظام ہی وہ ذریعہ ہے جو عوامی خواہشات اور ریاستی فیصلوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔
بین پارلیمانی یونین کے مطابق جمہوریت نہ صرف لوگوں کو نمائندگی کا حق دیتی ہے بلکہ آزادی اظہار، بنیادی حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کی بھی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر جمہوریت کو معاشروں کی ترقی اور پائیدار امن کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔

